وزیراعظم کا پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کی خصوصی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پورا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور چھوٹی گاڑیوں کےلیے خصوصی اسکیم شروع کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑی والوں کو فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں پیٹرول پر ریلیف کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان بشمول کشمیر اور گلگت بلتستان میں ریلیف کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا اجرا آج سے کردیا گیا ہے، ریلیف کے طریقہ کار کو آگاہی مہم کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسکیم رجسٹریشن کےلیے موٹرسائیکل، رکشہ، چھوٹی گاڑیوں کی معلومات دینے پر صوبوں کے شکرگزار ہیں۔




