ہم وزیراعلیٰ نہیں سوچ بدلنا چاہتے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری : فائل فوٹو
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری : فائل فوٹو 

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ماضی سے سیکھے، پاکستان ان باتوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، ہم وزیر اعلیٰ نہیں سوچ بدلنا چاہتے ہیں، کوہاٹ میں 16 شہادتیں ہوئیں اور وزیر اعلیٰ صوبے میں نہیں تھے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ تیاری اس لیے کی ہے کہ انھیں پتا چلے جب ریاست سوچ لیتی ہے تو اس طرح کے انتظام کر لیتی ہے، مختلف جماعتوں نے جلسے جلوس کیے ہیں، احتجاج کے حق کے ساتھ کچھ شرائط بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک خیبر پختونخوا میں کامیابی حاصل نہیں کر لیتے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب نہیں ہوسکتے، خیبر پختونخوا میں کامیابی تب ملے گی جب سیاسی قوتیں سیکیورٹی فورسز کے پیچھے کھڑی ہوں گی، ہم تو اچھے نہیں، 14 سال سے ان کی حکومت ہے دیگر صوبوں سے موازنہ کرلیں، اسلام آباد کے اسپتالوں میں 70 فیصد مریض خیبر پختونخوا سے آتے ہیں، کیا دہشتگرد کہتے ہیں کہ کرپشن کریں، ڈمپر ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے 40 ارب روپے نکلے۔

پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ آتا تو اسلام آباد کی ایک یا دو سڑکیں بند ہوتی، حکومت نے تو پورا اسلام آباد اور تمام موٹرویز بند کردیے، یہ خوف ہی تو ہے، وفاقی وزرا کے الزامات چار کروڑ عوام کی توہین ہے جنھوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگ اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں، بلوچستان میں دہشت گردی ہورہی ہے یہ الزام کس کو دیں گے وہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چاہے ہماری حکومت ختم کریں یا گورنر راج لگا دیں ہمارا احتجاج تو جاری رہے گا، تشدد سے کبھی تحریکیں ختم نہیں ہوئی ہیں، پی ٹی آئی کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، ہمیں ضرورت ہی نہیں کنٹینرز ہٹائیں ہم اسی جگہ دھرنا دیں گے جہاں کنٹینرز ہوں گے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں