لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چاہے راستے میں کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ کھڑی کردی جائیں، لانگ مارچ ہر صورت ہوگا اور پرامن ہوگا۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے سرکاری اہلکار خیبر پختونخوا کے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں۔ جس سیکرٹریٹ سے صوبہ چلتا ہے اسے مبینہ جعلی تھریٹ کے نام پر بند کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق ہوا ہے کہ لانگ مارچ کو 5 اکتوبر تک موخر کردیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پشاور ریجن کے قافلے 4 اکتوبر کو صوابی پہنچیں گے۔ 5 اکتوبر کو صوابی سے قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا۔
اجلاس میں بعض ارکان نے کہا کہ حالات حساس ہیں، اس لیے فی الحال لانگ مارچ مؤخر کردینا چاہیے۔ ایسا کرنے سے وفاقی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھے گا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطے جاری ہیں، ان کے احتجاج میں شامل ہونے سے احتجاج کا اثر بڑھ سکتا ہے۔ فیصلہ ہوا کہ مارچ مؤخر کرنے کا باضابطہ اعلان محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی سے رابطہ کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ محمود اچکزئی نے لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔ اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپوزیشن رہنماؤں محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی ہے۔




