سعد رفیق کا سیاسی جماعتوں سے بددلی اور مایوسی کا اظہار
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ملکی سیاسی جماعتوں سے بددلی اور مایوسی کا اظہار کردیا۔
لاہور میں کانفرنس سے خطاب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک آئین کے بغیر نہیں چلایا جا سکتا، پاکستان کو ہم نے خود برباد کیا، سیاستدان برابر کے ذمے دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاستدانوں نے ملک کی بربادی کے لیے سہولت کاریاں کیں، میں ملکی سیاسی جماعتوں سے بد دل اور مایوس ہو چکا ہوں۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو ہمارے ساتھ کیا، وہی آج ان کے ساتھ ہو رہا ہے، جو ہمارے ساتھ ہوا اس کا کوئی جواز نہیں تھا۔ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہو رہا ہے، اس کا بھی کوئی جواز نہیں، مہربانی کر کے کسی کو غدار بنانے کا کام بند کیا جائے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ووٹ کا فیصلہ ماننے سے ہی نئی لیڈر شپ آئے گی، چھوٹے صوبے ضرور بننے چاہئیں لیکن اس کےلیے ووٹ کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی اٹھے اور سیاسی جماعتوں کو جگائے، ہم لوگ رومانوی ہیں، جھوٹے وعدوں میں آ جاتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں طاقت کے مراکز ہیں، بتایا جائے کہ ایک ملک میں طاقت کے 2 مراکز کیسے ہو سکتے ہیں؟




