پیٹرول پمپ ملازم کی تشدد کرنیوالے شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو پر شہری کا مریم نواز سے سوال

پیٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والے شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے پر شہری نے سوشل میڈیا پر وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سوال کرلیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے پیٹرول پمپ ملازم کے تشدد کرنے والے شخص کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو شیئر کرنے کے بعد شہری نے سوشل میڈیا پر مریم نواز سے کہا کہ اسکوٹی والی بچی کو مارنے والے کی ایسی ویڈیو کا انتظار ہے۔
شہری نے کہا کہ اسے سبق سکھانا گھر سے باہر نکلنے والی ہر بچی کے اعتماد کی بحالی کیلئے ضروری ہے، ہم اس ویڈیو کو دیکھنے کیلئے بے چین ہیں۔
مریم نواز نے شہری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود اُس لڑکی سے بات کی ہے اور اُس سے کہا جتنی بار اُس شخص نے اسے تھپڑ مارے وہ بھی اسے اتنی ہی بار تھپڑ مارے، جواب میں اس لڑکی نے کہا کہ اُس کے لیے یہ کافی تھا کہ حکومت نے اسے تحفظ اور یقین دہانی فراہم کی کہ انصاف اُس کے ساتھ ہے۔




