جہاں آبادی کے مطابق ضرورت ہے وہاں صوبے بنائے جائیں: خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جہاں صوبے کا مطالبہ ہے اور جہاں آبادی کے مطابق صوبوں کی ضرورت ہے وہاں صوبے بنائے جائیں۔
کراچی میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے مضبوط صوبے کا مقدمہ اور ضرورت سندھ کے شہری علاقوں میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی جمہوریت کی ضرورت نہیں جس کے ثمرات عام پاکستانیوں تک نہ پہنچیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹ کے مطالبے کو ایوانوں سے نکال کر قانون و آئین کے راستوں سے ہو کر سڑکوں پر فیصلہ کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو پوچھتے ہیں، ’آپ کا صوبہ کہاں بنے گا؟‘، ان کو جواب ہے، ’ہم اپنے حصے کی زمین ساتھ لائے تھے‘، پاکستان میں غیر مسلموں کی چھوڑی ہوئی متروکہ جائیدادیں قانونی طور پر ہماری ہیں۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ اب ظالموں کے خلاف مظلوموں کی صف بندی کا وقت آچکا ہے۔ جابروں کےخلاف مظلوموں کی صف بندی کا وقت آچکا ہے، ایک طرف لوٹنے والے اور دوسری طرف لٹنے والے ہوں گے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے صف بندی تیار ہے، پاکستان کو موروثی سیاست اور جاگیردارانہ جمہوریت کی ضرورت نہیں۔




