یوسف رضا گیلانی نے پاک چین ریسرچ سینٹر کی چیئرمین شپ قبول کرلی
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے پاک چین ریسرچ سینٹر کی اعزازی چیئرمین شپ قبول کرلی۔
اسلام آباد میں پاک چین ریسرچ سینٹر فار پارٹی اینڈ اسٹیٹ گورننس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کےدرمیان پارلیمانی تعاون اورادارہ جاتی روابط فروغ پا رہے ہیں، ان سطحوں پر تعاون دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کےلیے ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ چین کا طرزِ حکمرانی، ادارہ جاتی ترقی پاکستان کےلیے رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں، غربت کے خاتمے، دیہی ترقی، ڈیجیٹل گورننس میں چین کی پیشرفت قابلِ تحسین ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک 2.0 زراعت، صنعتی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور علاقائی روابط کے فروغ کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی شراکت داری کے اگلے مرحلے میں روزگار اور ہنرمندی کے فروغ کو ترجیح دی جائے۔




