26 نومبر اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کیسز، 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانت منظور
اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے کیسز میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 26 نومبر احتجاج اور سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کے کیسز پر سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر، عاطف خان، لطیف کھوسہ، فیصل امین گنڈاپور کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی جبکہ چاروں ملزمان کو 5، 5 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا۔
اسد قیصر کی 9، عاطف خان کی 4، لطیف کھوسہ کی 3 اور فیصل امین گنڈاپور کی 6 مقدمات میں ضمانت منظور ہوئی ہے۔ عدالت نے چاروں ملزمان کی ضمانتیں 11 فروری تک منظور کی ہیں۔
خیال رہے کہ عدم حاضری پر چند روز قبل چاروں ملزمان کی ضمانتیں خارج کردی گئی تھیں۔ ملزمان کی جانب سے دوبارہ ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔




