بارشوں میں 5 جولائی سے اضافہ متوقع

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری مون سون کی بارشوں میں 5 جولائی سے اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور طاقتور سسٹم ملک میں وسیع پیمانے پر بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ سسٹم 5 سے 10 جولائی کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کو متاثر کرے گا مگر کراچی سمیت سندھ میں اس سسٹم سے خاطر خواہ بارشیں ابھی نظر نہیں آ رہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے اثرات سے کے پی، کشمیر، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور ڈی جی خان میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے جبکہ نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 6 سے 8 جولائی کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔




