پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف، دانشمندانہ سفارتکاری کو سراہتے ہیں، سعودی سفیر

پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستان کے سفارتی کردار پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف اور دانشمندانہ سفارت کاری کو سراہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ملکوں پر حملے شدید تشویش کا باعث ہیں، جارحانہ اقدامات خود مختار ریاستوں کے خلاف بلاجواز جارحیت ہیں۔
نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ یہ حملے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، حملوں میں قیمتی جانی نقصان ہوا ہے۔ رہائشی علاقوں، شہری تنصیبات اور ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ خطے میں استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، دانشمندی اور عالمی یکجہتی ہی بحران پر قابو پانے کا ذریعہ ہے، ہم سب کے مستقبل کے تحفظ کے لیے عالمی قوانین کا احترام ضروری ہے۔
نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دارانہ مؤقف اور دانشمندانہ سفارت کاری کو سراہتے ہیں، انسانی اصولوں پر قائم رہنا ہی امن و سلامتی کے تحفظ کا بہترین راستہ ہے۔




