پاک ترکیہ مشترکہ مشق جناح 13 کامیابی سے مکمل

پاک ترک مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز مشق جناح 13 ترکیہ میں کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں پاک فوج اور ترک افواج کے دستوں نے مشترکہ تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر مبنی تربیت انقرہ اور اسپارٹا میں منعقد کی گئی، جہاں دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام تربیتی اور ملٹری ڈپلومیسی اہداف کامیابی کے ساتھ حاصل کیے گئے، مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی سے متعلق مہارت اور طریقہ کار کو مزید بہتر بنانا تھا، جبکہ شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اور کارروائیوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مشق میں بارودی سرنگوں اور آئی ای ڈیز کے خلاف مشترکہ تربیت کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی، جبکہ اس مشق نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔




