پاکستان میں متاثرین بارش کی مدد کیلئے 20 لاکھ ڈالر کی امداد دے گا
جاپان، پاکستان میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں مدد کےلیے 20 لاکھ ڈالر کی امداد دے گا۔ اقوامِ متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک ڈبلیو ایف پی نے جاپانی امداد کا خیر مقدم کیا ہے۔
اس حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے اعلامیہ کے مطابق امداد کا مقصد پاکستان بھر میں آفات سے متاثرہ کمزور طبقات کی مدد کرنا ہے، یہ امداد 45 ہزار سے زائد افراد کو خوراک کی فراہمی ممکن بنانے میں مدد دے گی۔
اعلامیہ کے مطابق امداد کمیونٹیز کو اپنے اثاثے بحال کرنے اور روزگار مستحکم کرنے میں بھی معاون ہوگی۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان اور عالمی ادارہ خوراک کیساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد کے ذریعے جاپان کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ مشکلات کے شکار خاندانوں کو بنیادی خوراک میسر ہو، ایسی کوششوں کی حمایت کی جائے جو کمیونٹیز کی بحالی میں مدد گار ہوں۔
عالمی ادارہ خوراک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر اور نمائندہ کوکو اوشیاما نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی عوام کیلئے جاپان کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں، یہ امداد فوری غذائی ضروریات کو پورا کرے گی۔
کنٹری ڈائریکٹر ڈبلیو ایف پی کا مزید کہنا تھا کہ یہ امداد خاندانوں کو اپنے وسائل کے تحفظ اور نقصانات سے بحالی میں بھی مدد دے گی۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی خطرات میں اضافے کے پیشِ نظر اس نوعیت کی سرمایہ کاری نہایت اہم ہے، پاکستان کو شدید موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے۔
کوکو اوشیاما نے کہا کہ 2025 کے مون سون اور سیلاب سے متاثرہ 69 لاکھ افراد کی بحالی کا عمل اب بھی جاری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق این ڈی ایم اے نے کہا کہ 2026 کے مون سون سیزن میں معمول سے 22 سے 26 فیصد زیادہ بارش متوقع ہے، جاپان عالمی ادارہ خوراک کے اہم عالمی شراکت داروں میں شامل ہے۔
اعلامیہ کے مطابق 2022 کے سیلاب کے بعد سے جاپان پاکستان میں ڈبلیو ایف پی کے تحت ایک کروڑ ڈالر سے زائد امداد فراہم کرچکا ہے۔




