ورثہ صرف تاریخ نہیں، روزگار اور معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے: صدر مملکت

ورثہ صرف تاریخ نہیں، روزگار اور معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے: صدر مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری—فائل فوٹو
صدرِ مملکت آصف علی زرداری—فائل فوٹو

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے 18 اپریل، عالمی یومِ ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ثقافتی شناخت کے تحفظ کے عہد کی تجدید کا دن ہے، ورثہ صرف تاریخ نہیں، روزگار اور معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہے۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ یونیسکو کے پلیٹ فارم کے ذریعے عالمی سطح پر ورثے کے تحفظ کی اہمیت اجاگر ہوئی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گہوارہ ہے جہاں سنگی دور سے لے کر مغلیہ عہد تک ایک بھرپور تاریخی تسلسل موجود ہے، موہن جو داڑو اور مہر گڑھ سمیت دیگر تاریخی مقامات بھی قومی شناخت کی بنیاد ہیں۔

اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے فن پاروں کو عالمی توجہ کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ورثہ ناصرف تاریخی اہمیت رکھتا ہے بلکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

صدر زرداری نے واضح کیا کہ سیاحت کے فروغ میں تاریخی مقامات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جس سے اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملتی ہے۔

ان کا نوجوانوں اور مقامی کمیونٹیز پر زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ورثے کے تحفظ میں فعال کردار ادا کریں جبکہ حکومت جدید تکنیکوں کے ذریعے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ قومی ورثے کا تحفظ ہر شہری کی ذمے داری ہے اور یہ ناصرف ہماری پہچان بلکہ معاشی ترقی کا بھی مؤثر ذریعہ ہے۔

’سرزمینِ پاک دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے رنگ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے‘

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان آج اقوامِ عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یہ دن پرعزم انداز میں منا رہا ہے۔

وزیرِاعظم نے مشترکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ثقافتی ورثے کے لیے عالمی دن کا تعین اس کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، ثقافتی ورثہ سماجی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ کثیر الجہتی تہذیب و تمدن پر مشتمل ہے جبکہ سرزمینِ پاک دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے رنگ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔

وزیرِاعظم نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اپنے ثقافتی ورثے پر فخر کریں اور اس کے تحفظ و فروغ میں فعال کردار ادا کریں۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمارا ورثہ قومی شناخت اور اتحاد کا ذریعہ ہے، اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں