ایل این جی نہ ملنے سے لوڈ شیڈنگ بڑھنے اور بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ

ایل این جی نہ ملنے سے لوڈ شیڈنگ بڑھنے اور بجلی مہنگی ہونے کا خدشہ
فائل فوٹو
فائل فوٹو 

اسلام آباد میں گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں بجلی کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث توانائی کے شعبے میں دباؤ مزید بڑھنے لگا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن سے ایل این جی کے 4 کارگو منگوانے کی درخواست کی ہے تاکہ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جاسکے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اگر مطلوبہ ایل این جی دستیاب نہ ہوئی تو ملک میں لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

خط میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کی صورت میں بجلی کی پیداوار کے لیے مہنگا ڈیزل استعمال کرنا پڑے گا، جس سے پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ڈیزل کے استعمال سے صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کا اضافی بوجھ بھی پڑ سکتا ہے، جو عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے لیے آر ایل این جی (Re-gasified LNG) انتہائی اہم ہے، اور اس کی بروقت فراہمی نہ ہونے کی صورت میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔

پاور ڈویژن نے پٹرولیم ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ قطر سمیت دیگر ذرائع سے ایل این جی کارگو کی فوری درآمد کے لیے انتظامات کیے جائیں تاکہ توانائی بحران سے بچا جا سکے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں