بھارتی کامیڈین کا ماضی کے تنازع کا ذکر، امیتابھ سے موازنہ کردیا

کامیڈین سمے رائنا نے بتایا ہے کہ انڈیاز گاٹ لیٹنٹ تنازع کے بعد وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے تھے اور انہیں خوف تھا کہ کہیں وہ امیتابھ بچن کی طرح دیوالیہ نہ ہو جائیں۔
ایک پوڈکاسٹ گفتگو میں سمے رائنا نے کہا کہ تنازع کے بعد انہوں نے اسپانسرز کھو دیے، اشتہارات کے منصوبے منسوخ ہوگئے اور انہیں فکسڈ ڈپازٹس توڑ کر پیسے واپس کرنے پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ “مجھے لگا کوئی برانڈ ساتھ نہیں آئے گا، سب سے بڑا خوف یہ تھا کہ میں قرض میں ڈوب جاؤں گا، جیسے امیتابھ بچن کے ساتھ ہوا تھا۔”
یاد رہے کہ امیتابھ بچن کو 1990 کی دہائی میں اپنی کمپنی ABCL کے ناکام ہونے کے بعد تقریباً 90 کروڑ روپے کے قرض کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انڈیاز گاٹ لیٹنٹ تنازع فروری 2025 میں اس وقت شروع ہوا جب شو میں ایک متنازعہ مذاق پر شدید ردعمل آیا اور ایف آئی آرز درج ہوئیں۔ سمے کو شو یوٹیوب سے ہٹانا پڑا اور بعد میں رنویر الہ آبادیہ نے معافی مانگی۔




