مصر کی جانب سے پاکستان کیلئے امن، ترقی اور خوشحالی کے تسلسل کی نیک خواہشات کا اظہار
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔
بدر عبدالعاطی نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے لیے مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جس میں اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانا بھی شامل ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
Load/Hide Comments




