چین کا امریکہ، جاپان اور فلپائن کی مشترکہ جنگی مشقوں کے خلاف انتباہ
کراچی (نیوز ڈیسک)چین نے امریکہ، فلپائن اور جاپان کی مشترکہ فوجی مشقوں کے موقع پر اس فوجی تعاون کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں اعتماد کو کمزور اور تقسیم کو گہرا کر سکتا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکن نے بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران ان مشقوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایشیا بحرالکاہل کے خطے کو تقسیم اور محاذ آرائی والی بیرونی قوتوں کی ضرورت نہیں،ایشیا بحرالکاہل کے خطے کو سب سے زیادہ امن اور سکون کی ضرورت ہے، اور اسے سب سے کم بیرونی قوتوں کی مداخلت درکار ہے جو تقسیم اور محاذ آرائی پیدا کریں۔گوو جیاکن نے کہا کہ مختلف ریاستوں کے درمیان فوجی تعاون ایسا نہیں ہونا چاہیے جو خطے کے ممالک کے درمیان باہمی تفہیم اور اعتماد کو نقصان پہنچائے، علاقائی امن و استحکام میں خلل ڈالے، کسی تیسرے فریق کے خلاف ہو یا ان کے مفادات کو نقصان پہنچائے۔




