ڈریپ کی پی ٹی اے سے ویب سائٹس بلاک کرنے کی درخواست

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں آن لائن ادویات کی غیر قانونی تشہیر اور فروخت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے متعدد ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کو بلاک کرنے کی درخواست کر دی ہے۔
ڈریپ کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات کی آن لائن فروخت عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
اتھارٹی نے نشاندہی کی ہے کہ مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر بغیر نسخے کے ادویات کی تشہیر اور فروخت جاری ہے جو قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خاص طور پر جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض سے متعلق ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر چلنے والے اشتہارات لوگوں کو خود علاج کی طرف راغب کر رہے ہیں، جو مزید خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈریپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات بھی آن لائن فروخت کی جا رہی ہیں۔
اتھارٹی کے مطابق غیر معیاری ادویات ناصرف مضر اثرات کا باعث بن سکتی ہیں بلکہ جان لیوا پیچیدگیوں کو بھی جنم دے سکتی ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ادویات کی کسی بھی قسم کی تشہیر کے لیے پیشگی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے، ادویات کی ضبطی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




