حکومت کو تجویز دی ہے مولانا کی ثالثی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب بھی مشکلات ہوں مولانا صاحب کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کا مسئلہ حل ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے کہ آزاد کشمیر کا بحران حل ہوسکے۔ بہت ضروری ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن صاف شفاف ہوں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ ہاؤس میں بات ہوئی، ہم چاہتے ہیں کہ آزاد کشمیر کے مسائل کا حل نکلے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کو تحریکیں چلانے کا بہت اچھا تجربہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے سیاسی طور پر مدد لیتے رہتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نےحکومت کو تجویز دی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے۔ بہت ضروری ہے کشمیر کا الیکشن غیر متنازع ہو۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی معاملات کچھ ایسے ہوتے ہیں جن کے باعث آپس میں رابطے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی نے دھرنا دیا ہوا ہے، اس کمیٹی نے مجھے ثالثی کی پیشکش کی، بلاول بھٹو نے پارلیمان میں میری ثالثی کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں بھی بلاول بھٹو موجود ہیں، وزیراعظم کو بھی پیغام جارہا ہے، امید ہے وزیراعظم مثبت قدم اٹھائیں گے۔
بلاول بھٹوزرداری کا یہاں آنا پیش رفت ہے، 12 سیٹوں کی بات مذاکرات کی ٹیبل پر طے کی جائے گی۔




