دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کےلیے بہترین سرمایہ کاری ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنانے کی ہدایت کردی، اور کہا ہے کہ دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کےلیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت دانش اسکولوں اوریونیورسٹی کے قیام پر جائزہ اجلا س منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطا تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور متعلقہ اداروں کے افسران نےشرکت کی۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکول اور دانش یونیورسٹی اہم قومی اثاثہ ہیں، ملک بھر میں دانش اسکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر قوم کے تابناک مستقبل کےلیے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس بنایا جائے۔
وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دانش اسکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، دانش اسکولوں اور یونیورسٹی میں تدریسی اور دیگر عملے کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر کی جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم کو خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں 27 دانش اسکولوں کی تعمیر پر بریفنگ دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کو اسلام آباد میں دانش اسکولوں اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانچھے اور استور میں دانش اسکولوں کی تعمیر مکمل ہونے کو ہے۔ بریفنگ کے مطابق اپریل 2027 سے ان اسکولوں میں تدریسی عمل شروع ہو جائے گا، دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔
بریفنگ کے مطابق دانش یونیورسٹی میں2027 سے کلاسز کا آغاز ہو گا، ملک بھر بالخصوص پسماندہ علاقوں سے دانش اسکولوں میں میرٹ کی بنیاد پر طلباء کو داخلہ دیا جائے گا۔




