سانحہ کاہنہ، ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، گہرا دکھ ہوا: نواز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے سانحہ کاہنہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں میاں نواز شریف نے کہا کہ چھت گرنے سے 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرا دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ننھے پھول قوم کا مستقبل تھے، دکھ کی اس گھڑی میں ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
دوسری طرف مریم نواز نے کہا کہ واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ انکوائری کروائیں گی، اصل مجرموں کو سزا دلوائیں گے۔
پنجاب حکومت نے ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک نے کہا کہ زخمیوں کو 5، 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر رقم لواحقین کو دی جائے گی۔
اس سے قبل ٹیوش سینٹر چھت گرنے سے جاں بحق 14 بچوں کی تدفین کردی گئی، نماز جنازہ میں اہل علاقہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے، علاقے کی فضا سوگوار رہی۔
حادثے میں زخمی 1 بچہ اور ٹیچر اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ ٹیوشن سینٹر کے مالک، بھائی اور مستری سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزمان نے خستہ حال بلڈنگ میں ٹیوشن سینٹر قائم کر رکھا تھا جبکہ ملزمان کمرے کی چھت پر مستری کے ساتھ مٹی ڈال رہے تھے، خستہ حال کمرے کی چھت غفلت اور لاپرواہی سے اضافی بوجھ ڈالنے سے گری۔




