فلسطینیوں کا پتنگ میلہ، اسرائیلی آبادکاروں کیخلاف علامتی احتجاج
بورین ( اے ایف پی) فلسطینیوں کا پتنگ میلہ، اسرائیلی آبادکاروں کیخلاف علامتی احتجاج،” ہماری زمین، ہمارا آسمان” کے نعرے،بچوں نے رنگ برنگی پتنگیں اڑا کر پیغام پہنچایا۔ہر سال متنازع اراضی پر انعقاد،آبادکار حملوں اور زمینوں پر قبضے کی شکایات برقرارہیں۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں بورین میں رہائشیوں نے اسرائیلی آبادکاروں کے خلاف علامتی احتجاج کے طور پر سالانہ پتنگ میلہ منعقد کیا، جس میں بچوں نے رنگ برنگی پتنگیں اڑا کر “یہ ہماری زمین، یہ ہمارا آسمان” کا پیغام دیا۔ منتظم غسان نجار نے اے ایف پی کو بتایا کہ اگر فلسطینی اپنی بعض زمینوں تک نہیں پہنچ سکتے تو ان کی پتنگیں ضرور وہاں تک پہنچ سکتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ میلہ بچوں کی تفریح کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی پیغام بھی ہے۔ بورین گاؤں کے گرد متعدد اسرائیلی آبادکار بستیاں قائم ہیں، جنہیں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اکتوبر 2023میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں سے منسوب تشدد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ فلسطینی رہائشی طویل عرصے سے زمینوں پر قبضے اور حملوں کی شکایات کرتے آ رہے ہیں۔




