عون چوہدری کا نورین نیازی سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ

وزیر مملکت اوور سیز پاکستانیز عون چوہدری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور قومی مفادات کے منافی ہے۔
عون چوہدری نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان سے پوری قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اندر موجود سانپ ملک کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں، ان کی سیاست کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ معرکہ حق ہمارا قومی فخر ہے، بھارت اس شکست کو نسلوں تک یاد رکھے گا، سب سے پہلے ہماری پہچان پاکستان ہے، سیاست بعد میں اور ملک پہلے ہے، معرکہ حق کی کامیابی پر پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔
عون چوہدری نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا۔




