ہرمز کا متبادل: امریکا، عراق، شام تیل پائپ لائن منصوبہ دوبارہ فعال کرنے کا خواہاں
کراچی (نیوز ڈیسک) آبنائے ہرمز کے متبادل کے طور پر امریکا، عراق شام تیل پائپ لائن منصوبہ دوبارہ فعال کرنے کا خواہاں ہے۔ کرکوک سے بحیرہ روم تک پائپ لائن کی تجویز، عراق کو توانائی راہداری بنانے کی کوشش، ٹرمپ نے بڑے تیل معاہدوں کا عندیہ دیا۔ شام اور لبنان سے فوجی انخلا کیلئے بھی اسرائیل پر امریکی دباؤ، ماہرین کو منصوبے پر شکوک، ایران کے اثرورسوخ کو بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا۔ یروشلم پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عراق کے نئے وزیر اعظم علی الزیدی کی وائٹ ہاؤس ملاقات میں عراق کے ساتھ تعلقات کو فوجی تعاون کے بجائے توانائی، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کی بنیاد پر استوار کرنے پر زور دیا گیا۔ امریکا عراق کے کرکوک سے شام کی بندرگاہ بانیاس تک تیل کی پائپ لائن بحال کرنا چاہتا ہے تاکہ خلیج سے بحیرہ روم تک متبادل توانائی راہداری قائم ہو اور آبنائے ہرمز پر انحصار کم کیا جا سکے۔




