پاکستان اور کینیڈا کا تجارت، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

پاکستان اور کینیڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگرشعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ جلد وزیراعظم مارک کارنی سے ملاقات کا منتظر ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کی کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا جبکہ کینیڈا کی وزیرخارجہ انیتا آنند نے اسلام آباد میں استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وزیراعظم شہباز شریف کو کینیڈین وزیراعظم کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر کینیڈین وزیرخارجہ انیتا آنند نے کہا دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینے کے لیے ہے۔
انھوں نے زراعت، معدنیات اور توانائی میں نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انیتا آنند نے کہا کہ فارن انویسٹمنٹ پروموشن پروٹیکشن معاہدہ کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کیلئے اہم ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے کینیڈا سے کینولا درآمد کے حوالے سے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ پروٹوکول پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دستخط کیے۔




