شیڈول تبدیل، آزاد کشمیر انتخابات مرحلہ وار کروانے کا اعلان

آزاد کشمیر میں اگلے ہفتے ہونے والے الیکشن کا شیڈول تبدیل کرتے ہوئے انتخابات مرحلہ وار کروانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن اور تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن میں 10 اگست کو پولنگ ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کروائے جائیں گے، پاک فوج کی نفری کی دستیابی کی بنیاد پر انتخابات مرحلہ وار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات مظفرآباد ڈویژن کے ساتھ 2 اگست کو ہوں گے۔
ایک روز قبل چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفی مغل نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن وقت پر ہوں گے، تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔




