سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی امریکی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔
سفیر پاکستان نے معدنی شعبے اور آلات جراحی میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا، امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
سفیر رضوان شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معدنی وسائل میں ویلیو ایڈیشن کے لیے امریکی سرمایہ کاری ضروری ہے۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی پنک نمک کی برآمد کے لیے 200 ملین ڈالر کے جاری مشترکہ منصوبے کا بھی خیرمقدم کیا، پاکستان کے سرجیکل آلات کے شعبے میں امریکی سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔
سفیر پاکستان نے نیپرویل میں پاکستانی سرجیکل آلات کی فِنشنگ، پیکیجنگ اور ڈسٹری بیوشن مرکز کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرجیکل آلات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور ہنرمندی کے فروغ کی ضرورت ہے۔
سفیر رضوان شیخ نے پاک امریکن شکاگو لینڈ چیمبر آف کامرس کے عہدیداران سے بھی ملاقات کی، پاک امریکا کاروباری برادری کے درمیان کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔




