کراچی: ریاست مخالف مواد پوسٹ کرنے کا کیس، عدالت نے ملزم کو پروبیشن پر رہا کردیا

جوڈیشل مجسٹریٹ کراچی شرقی کی عدالت نے ریاست مخالف مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم محمد ابراہیم کو ایک سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے ملزم پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ ملزم نے اس موقع پر کہا میں اپنی فیملی کا واحد کفیل ہوں اس لیے سزا میں نرمی کی جائے، عدالت نے اصلاحی پہلو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو فوری جیل بھیجنے کے بجائے پروبیشن پر رہا کر دیا۔
عدالت نے ملزم کو پروبیشن کے دوران اچھے کردار کا مظاہرہ اور کسی سائبر جرم میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت کی۔
عدالت نے کہا کہ پروبیشن کی شرائط توڑنے پر ملزم کو طلب کرکے سزا بھگتنے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ ملزم نوجوان ہے اور اس کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی نہیں اس لیے پروبیشن پر رہا کیا گیا، ملزم کے موبائل فون سے ریاست مخالف اور عوامی بے چینی پھیلانے والا مواد ملا۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزم پر آئل ٹینکرز کو آگے لگانے حملوں پر اکسانے اور عوام میں خوف پھیلانے کی مہم چلانے کا الزام تھا، ملزم کو 27 فروری 2025 کو کورنگی سے گرفتار کیا گیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسمارٹ موبائل فون برآمد کیا گیا۔




