میر رضا کیس: ایس ایس پی کا جائے وقوع کا دورہ، اہلِخانہ بھی ہمراہ موجود

میر رضا کیس کی نئی تحقیقاتی ٹیم کے رکن ایس ایس پی علی رضا نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔
ایس ایس پی علی رضا کے ہمراہ میر رضا کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ایس ایس پی علی رضا نے میر رضا علی کی لاش ملنے کے مقام کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی علی رضا نے لاش کی نشاندہی کرنے والے مالی سے تفصیلات حاصل کیں۔
دوسری جانب ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے 6 سیمپل جامعہ کراچی کی لیبارٹری کو موصول ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈی این اے ٹیسٹ کا نتیجہ جلد از جلد لیبارٹری سے جاری ہو جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 میں سے 4 نمونے میر رضا کی لاش اور 2 اس کے والدین کے ریفرنس سیمپل ہیں۔
واضح رہے کہ گلستانِ جوہر سے مردہ حالت میں ملنے والے میر رضا کی 8 اگست کو کی گئی قبر کشائی کے بعد کیے گئے پوسٹ مارٹم کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں میر رضا کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔
ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق میر رضا علی کے جسم کے پیچھے کی طرف گولی لگنے کا نشان چھوٹا اور سامنے کی طرف بڑا ہے، ماہرین کے مطابق اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ گولی پیچھے کی طرف سے لگی۔
میر رضا علی کی پسلیاں ٹوٹ چکی تھیں، سر اور چہرے پر زخموں کے کئی نشانات موجود تھے، دائیں ران پر تقریباً 12 سینٹی میٹر طویل فریکچر اور زخم پایا گیا، جسم کے نچلے حصے کے ٹشوز پر بھی خون کے دھبے ملے۔




