جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر کو خط لکھ دیا۔
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کئی سینئیر ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات کا اظہار کر دیا، متاثرہ پروفیسرز نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر صحت سندھ اور وفاقی محتسب اعلیٰ کو خط ارسال کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے 19 مئی کےنوٹیفکیشن کے دوسرے پیرا کو نظر انداز کردیا گیا ہے، ترقیوں کے منتظر 6 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقیاں متاثر ہورہی ہیں۔
پروفیسرز کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کی واضح ہدایت کے برخلاف مدت ملازمت میں توسیع کی گئی۔
دوسری جانب ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تعیناتی کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
ڈاکٹر نگہت شاہ کی کنٹریکٹ پر تعیناتی سے ادارے میں خدمات انجام دینے والے دیگر افسران کی سینیارٹی متاثر نہیں ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر نگہت شاہ کی کنٹریکٹ پر تعیناتی کا موجودہ افسران کی سینیارٹی اور پروموشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔




