اے آئی سے بنی تصاویر دیکھ کر شادی پر غلام رسول انڑ نے سابقہ بیوی کیخلاف عدالت سے رجوع کرلیا

سابق رکنِ سندھ اسمبلی غلام رسول انڑ نے سابقہ اہلیہ کے خلاف دھوکا دہی، بلیک میلنگ اور مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
درخواست گزار غلام رسول انڑ کا موقف ہے کہ سوشل میڈیا پر خاتون سے بات ہوئی، جب بھی خاتون کو چہرہ دکھانے کا کہا وہ اے آئی سے بنی ہوئی تصاویر بھیج دیتی، اس سال 23 فروری کو ویڈیو کال کے ذریعے خاتون سے نکاح ہوا، نکاح والے دن بھی خاتون نے نقاب کیا ہوا تھا۔
غلام رسول انڑ کا کہنا ہے کہ نکاح کے بعد جب خاتون کو دیکھا تو وہ تصاویر سے بالکل مختلف تھی، چہرہ دیکھنے کے بعد خاتون سے دوری اختیار کرلی اور 9 اگست کو خاتون کو طلاق دے دی۔
درخواست گزار کا موقف ہے کہ طلاق کے بعد سے خاتون کی جانب سے بلیک میلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 اگست تک رپورٹ طلب کرلی۔




