پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی منظوری پر ای سی سی میں غور ہوگا، ذرائع

پیٹرولیم ڈیلرز مارجن ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی سمری پر آج ای سی سی میں غور ہوگا، اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پر 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن وصول کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج شام 6 بجے ہوگا، پیٹرولیم ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری ای سی سی کے آج کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کا سنگل ایجنڈا شامل ہے، حکومت نے ڈیلرز کو مذاکرات میں ڈیلرز مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں اپنے ہدف اور آئی ایم ایف کے تخمینے سے بھی زیادہ وصولیاں کیں۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 1560 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جبکہ کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں 50 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
گزشتہ مالی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی وصولی حکومتی ہدف سے تقریبا 100 ارب روپے جبکہ آئی ایم ایف کے تخمینے سے21ارب روپے زیادہ رہی۔
اس وقت پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جارہی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر77روپے 28 پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے جبکہ پیٹرول اور ڈیزل پر 5،5 روپے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی الگ سے بھی وصول کی جا رہی ہے۔




