پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن ہے: وزیراعظم شہباز شریف

وازیراعظم شہباز شریف---فائل فوٹو
وازیراعظم شہباز شریف—فائل فوٹو 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم تمام اہل وطن کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پاکستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے پر قوم تحریک آزادی کے قائدین اور کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں آزاد مملکت کا خواب شرمندۂ تعبیر ہو، تحریکِ آزادی کے تمام رہنماؤں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانانِ ہند کو آزاد وطن کے نصب العین پر متحد کیا جبکہ آباؤ اجداد نے قربانیوں، صعوبتوں اور تکالیف کی داستان رقم کر کے آزادی کی جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں ایک آزاد قوم کی حیثیت سے عزت، وقار، دین اور تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزاری جا سکتی ہے، پاکستان اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات کے مطابق تمام شہریوں کے لیے بلا تفریق رنگ و نسل مکمل آزادی کی ضمانت دیتا ہے، جبکہ آئین اور قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔

وزیرِ اعظم کا یومِ آزادی کے موقع پر کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے،  حکومت نے ڈھائی برس کے دوران نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس کے دوران بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دشمن کے ہر وار کا جواب دے کر مادرِ وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے، پاکستان اپنی افواج پر فخر کرتا ہے، معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان آج اقوام عالم میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے، خطے کی مشکل اور چیلنجنگ صورتِ حال میں پاکستان ایک ذمے دار اور علاقائی استحکام کے ضامن ملک کے طور پر ابھرا ہے اور امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر ہے، پاکستان مظلوم فلسطینی عوام اور جموں و کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں