بلوچستان: انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 9 دہشت گرد ہلاک

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 9 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

اس آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی جس میں 8 دہشت گرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں کامیاب آپریشن میں 1 دہشت گرد ہلاک ہوا، سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا۔

ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر کہا ہے کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔

محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں