میر رضا قتل کیس: اب تک 41 افراد کے بیانات قلمبند

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں جس میں اب تک مجموعی طور پر 41 افراد کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کے دوست، بزنس پارٹنر، گیسٹ ہاؤس عملے اور دیگر لوگوں کے بیانات لیے گئے ہیں، مقتول نے جن افراد کے پیسے دینے تھے ان کی لسٹ بھی بنا لی گئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیسٹ ہاؤس کی بھی مکمل تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، مالک نے بذریعہ بروکر مکان گیسٹ ہاؤس کے لیے ایک شخص کو کرائے پر دیا، مکان کرائے پر لینے والے نے دوسرے شخص کو گیسٹ ہاؤس کرائے پر دے دیا، تمام تر افراد کے بھی بیانات لے لیے گئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق سی آر پی سی 160 کے بیان کے تحت کسی بھی شخص کو شاملِ تفتیش کیا جا سکتا ہے، میر رضا کی دونوں میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور واقعے کی جگہ کی جیو فینسنگ کی رپورٹ بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی ڈی آر کی تفصیلات اور اسمارٹ واچ کی فرانزک میں کچھ وقت لگے گا۔




