پیپلز پارٹی، اپوزیشن قیادت کا پارلیمان میں قانون سازی پر رابطے بڑھانے پر اتفاق
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈران سے ملاقات کی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کے اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو کی اپوزیشن لیڈران محمود اچکزئی اور سینیٹر علامہ ناصر عباس سے گفتگو میں پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے اپوزیشن قیادت سے درخواست کی کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تجویز پر پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
اپوزیشن اتحاد کے اعلامیے کے مطابق دوران ملاقات پیپلز پارٹی اور اپوزیشن قیادت نے پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات کےلیے پارلیمان میں کردار ادا کرے جبکہ پیپلز پارٹی قیادت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔
ملاقات میں سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر، عادل بازئی، اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بلاول بھٹو کے ہمراہ راجا پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن تھے۔




