شیخ قیصر محمود کی مسلم لیگ ن کیلئے خدمات اور وفاداری قابلِ قدر ہے، ملک نور اعوان
پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ انٹرنیشنل اوورسیز کے سابق جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود نے بیرونِ ملک جماعت کو منظم، فعال اور مضبوط بنانے کے لیے طویل عرصے تک قابلِ تحسین خدمات انجام دی ہیں اور ان کی جماعت اور قیادت کے ساتھ وفاداری قابلِ قدر ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار شیخ قیصر محمود کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ شیخ قیصر محمود نے مشکل ادوار میں بھی مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کا بھرپور ساتھ دیا اور اوورسیز سطح پر پارٹی کارکنوں کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بالخصوص جاپان میں مسلم لیگ (ن) کو منظم کرنے اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی میں شیخ قیصر محمود کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ شیخ قیصر محمود کی دیرینہ وابستگی اور محبت کسی سے پوشیدہ نہیں۔ وہ نواز شریف کے سچے اور وفادار ساتھی ہیں، جبکہ نواز شریف بھی ان کی سیاسی جدوجہد، قربانیوں اور جماعت کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ملک نور اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اصل طاقت اس کے وہ نظریاتی اور مخلص ساتھی ہیں جو ہر مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے۔ شیخ قیصر محمود کا شمار بھی ایسے ہی وفادار رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) جاپان ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اوورسیز مسلم لیگ (ن) کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔




