براہ راست فضائی سفر پاک امریکہ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، امریکی قونصل جنرل
پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست فضائی سفر کی بحالی کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیلئے امریکی قونصل جنرل کراچی چارلس گڈمین نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
امریکی قونصل خانے کے فارن سروس آفیسر لوکاس کیلٹرائیڈر، فہد زیدی اور تاشفین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی پی سی اے اے نادر شفیع ڈار اور ایوی ایشن کے سیفٹی اور سیکورٹی کے اعلیٰ حکام نے امریکی وفد کا استقبال کیا۔
ڈائریکٹر ایوی ایشن سیکیورٹی اینڈ فیسیلیٹیشن ایئر سیڈری (ریٹائرڈ) شاہد قادر، ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز قیصر یار، ڈائریکٹر پی ای ایل ریاض چشتی اور دیگر سینئر افسران نے ڈی جی پی سی اے اے کی معاونت کی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست فضائی رابطے کے قیام میں پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ ڈی جی پی سی اے اے نادر شفیع نے امریکی وفد کو اس طویل انتظار کے مقصد کی جانب پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ایئر کمانڈر (ریٹائرڈ) شاہد قادر نے وفد کو پاکستان کے ایوی ایشن سیکیورٹی فریم ورک کے بارے میں بریفنگ دی، جس میں بین الاقوامی اور یو ایس ٹی ایس اے کے معیارات کے ساتھ اس کی صف بندی پر روشنی ڈالی گئی جبکہ ڈائریکٹر فلائٹ اسٹینڈرڈز قیصر یار نے وفد کو ایوی ایشن کے حفاظتی اقدامات اور ایف اے اے کے قابل اطلاق معیارات سے مطابقت کے بارے میں بتایا۔
امریکی قونصل جنرل نے ہوا بازی کے تحفظ اور سلامتی کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پی سی اے اے کی کوششوں کو سراہا اور اس اقدام کے لیے مشن کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ براہ راست فضائی رابطہ پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دوطرفہ تعاون میں اضافہ کرے گا۔ دونوں فریقین نے سول ایوی ایشن میں مسلسل مصروفیت اور تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
میٹنگ کے اختتام پر ڈی جی پی سی اے اے نادر شفیع ڈار نے امریکی قونصل جنرل کو سی اے اے کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔




