پاکستان اور شام میں براہ راست پروازوں کی بحالی سے زائرین کو بڑی سہولت ملے گی، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور شام کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا، اس اقدام سے بڑی تعداد میں پاکستان سے شام جانےوالے زائرین کو بھی سہولت ملے گی.
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے دو طرفہ سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں بدلنے کی ضرورت پر زور دیا، پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا تذکرہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے شام کی خود مختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔
شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم کےلیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت پاکستان سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
اسعد حسن الشیبانی نے دو طرفہ تعاون کےلیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔




