پنجاب میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کیخلاف حکومت کا بڑا فیصلہ

حکومت پنجاب نے صوبے میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کیخلاف بڑا فیصلہ کرلیا۔ اس حوالے سے آرڈیننس کی منظور دے دی گئی جس کے مطابق ایسی گاڑیوں کو ’اسکریپ‘ کیا جاسکے گا۔
آرڈیننس کے مطابق رجسٹریشن ختم یا منسوخ ہونے والی گاڑیاں ناکارہ گاڑیوں میں شامل ہوں گی۔ فٹنس یا دھوئیں کا سرٹیفکیٹ نہ لینے والی گاڑیوں پر بھی اسکریپنگ کی تلوار لٹکے گی۔
حادثے، آگ یا قدرتی آفت میں تباہ ہونے والی گاڑی بھی اسکریپ قرار دی جاسکے گی۔ گاڑی کا مالک خود بھی اپنی ناکارہ گاڑی اسکریپ کروانے کےلیے جمع کروا سکے گا۔
ناکارہ گاڑیوں کو باقاعدہ اسکریپنگ سینٹرز میں لے جایا جائے گا۔ اس سلسلے میں نجی و سرکاری مراکز قائم ہوں گے۔ ناکارہ گاڑیوں کے قابل استعمال پرزے نکالے جائیں گے، باقی حصے ری سائیکل کیے جائیں گے۔
آرڈیننس کے مطابق پنجاب میں آلودگی پھیلانے والی پرانی گاڑیوں کی اسکریپنگ کا نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ ناکارہ گاڑیوں کی اسکریپنگ کےلیے حکومت باقاعدہ قواعد بنائے گی۔
گورنر پنجاب نے موٹر وہیکلز آرڈیننس میں تیسری بڑی ترمیم کی منظوری دی جس کے بعد نیا قانون فوری نافذ ہوگا۔ رجسٹریشن منسوخ ہونے والی گاڑیاں ’اینڈ آف لائف وہیکل‘ تصور ہوں گی۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد دھوئیں کی آلودگی کم کرنا اور صاف ماحول یقینی بنانا ہے۔




