کارگو طیارہ حادثے کو 40 روز گزر گئے، جاں بحق عملے کے لواحقین کا ملبے، بلیک باکس کی تلاش کا مطالبہ
بحیرہ عرب میں حادثے کے شکار کارگو جہاز میں متاثرہ عملے کے اہل خانہ نے گہرے سمندر میں طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کی تلاش کا کام جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حادثہ میں جاں بحق ان کے پیاروں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر قانونی معاملات پر ادارے تعاون نہیں کر رہے۔ اس بارے میں حکومت مدد کرے۔
کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے جاں بحق عملے کے اہل خانہ نے کہا کہ حادثے کو 40 دن سے زیادہ ہوگئے کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی، لگتا ہے انہیں فراموش کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 7 جولائی کو شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو کمپنی کے ٹو ایئرویز کا بوئنگ 737 طیارہ بلوچستان کے ساحل سے آگے گہرے سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، حادثے کے مقام سے طیارے کا کچھ ملبہ ضرور ملا تھا لیکن سمندر کی تہہ میں پہنچ جانے والے طیارے کے بلیک باکس، کاکپٹ اور عملے کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
متاثرین کا مطالبہ تھا کہ اس کام کیلئے غیر ملکی ماہر کمپنیوں سے مدد لی جائے۔




