ملائیشیا کے وزیراعظم کا شہباز شریف، فیلڈ مارشل کی قیادت و رہنمائی پر اظہار تشکر

ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہار تشکر کیا ہے۔ وزیراعظم نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا
وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم کی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان ملائیشیا دو طرفہ تعاون کی مثبت پیشرفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق دوران گفتگو علاقائی صورتحال بالخصوص خلیج کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی، ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کیلئے کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن کے فروغ کیلئے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، مشرقِ وسطیٰ میں پائیدارامن کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے انور ابراہیم کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔




