راولپنڈی: شوہر نے والد و ملازم کیساتھ ملکر بیوی کو قتل کر دیا

راولپنڈی میں شوہر نے والد اور ملازم کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے قتل کا واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے لال کرتی میں پیش آیا، جس میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
خاتون کی لاش گھر کے باتھ روم سے برآمد ہوئی ہے، جس کی 9 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے الزام میں مقتولہ کے شوہر اور گھریلو ملازم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مقتولہ کے بھائی نے بتایا ہے کہ لاش کے ہاتھ پیچھے کی جانب بندھے تھے اور منہ پر کپڑا بندھا تھا، بہن کے سسر کی کال آئی، گھر پہنچا تو بہن کی لاش باتھ روم میں پڑی تھی۔
بھائی نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان نے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی خاتون کے ساتھ دوسری شادی تھی، پہلی بیوی طلاق لے چکی تھی، مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
متاثرہ فیملی نے کہا ہے کہ مقتولہ کا سسر مقدمے میں نامزد ہے جسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔




