پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن لانےکی پوزیشن میں ہے، سینیٹر کوری بُوکر
ڈیموکریٹک سینیٹر کوری بُوکر نے کہا ہے کہ امریکا کو بموں نہیں سفارتکاری کی ضرورت ہے، ڈائیلاگ ہونا چاہیے نہ کہ جنگ، پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ پورے مشرق وسطیٰ میں امن لانے میں کردار ادا کرے۔
سینیٹر کوری بُوکر نے پاکستان کے یوم آزادی کی مناسبت سے نیویارک میں منعقد تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہر انسان کو اللّٰہ نے پیدا کیا ہے اس لیے نہ صرف امریکی بلکہ فلسطینی اور ایرانی بچوں کی بھی توقیر ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی المیہ جنم لے رہا ہو تو ہم میں سے کسی کو خاموش نہیں رہنا چاہیے، فلسطین اور ایران میں منصفانہ امن کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
سینیٹر کوری بوکر نے کہا کہ اے پی پیک کی کوشش رہی ہے کہ خلیج پُر کی جائے اور پاکستانی امریکنز کو مقامی سطح پر انکا جائز مقام ملے۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے سینیٹر بوکر نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کی دوستی قیام پاکستان کے روز ہی سے شروع ہوگئی تھی، خواہ طب ہو یا انجینئرنگ، عوامی خدمت ہو یا کاروبار، آج امریکن پاکستانی ہر میدان میں کارہائے نمایاں انجام دے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ امریکا کی ترقی میں وہ بہتر کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکنز پاکستانیوں کی طاقت امریکا کی طاقت ہے، اہم یہ ہے کہ امریکن پاکستانیوں کی مضبوط آواز ہو۔
سینیٹر بوکر نے کہا کہ اگر امریکا میں کسی مسلمان کو تعصب کانشانہ بنایا جاتا ہے تو یہ کسی اور کیلئے نہیں امریکا کیلئے مسئلہ ہے اور اسی لیے انہوں نے مسلمانوں سے نفرت اور اسلاموفوبیا کیخلاف بل پیش کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کی جانب سے منعقد اس تقریب میں اہم عہدیداروں اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جبکہ تقریب سے اے پیک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔




