ایم کیو ایم ڈرامے بازی، ڈھکوسلے کی سیاست کر رہی ہے: سندھ حکومت

سندھ حکومت کے ترجمان گنہور خان اسران نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ڈرامے بازی اور ڈھکوسلے کی سیاست کر رہی ہے۔
کراچی سے جاری بیان میں سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ سندھ کی وحدت پر قرارداد پیش ہونے سے پہلے ہی ایم کیو ایم ایوان سے بھاگ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اپنی خفت مٹانے کے لیے ایم کیو ایم بےبنیاد الزامات کا سہارا لے رہی ہے، علی خورشیدی بتائیں کہ تاریخی قرارداد کے وقت ایم کیو ایم ایوان سے فرار کیوں ہوئی۔
گنہور خان اسران نے مزید کہا کہ محض نعرے لگانے اور سیاسی ڈھکوسلے کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ علی خورشیدی سیاسی بیان بازی کے بجائے پارلیمانی روایات کا احترام کریں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ محض نعرے لگانے اور سیاسی ڈھکوسلے سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت، آئین کی بالادستی اور سندھ کی وحدت کا دفاع کیا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی وحدت پر پیپلز پارٹی کو کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، اسپیکر سندھ اسمبلی کے آئینی منصب کو متنازع بنانے کی کوشش بھی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی خورشیدی سیاسی بیان بازی کے بجائے پارلیمانی روایات کا احترام کریں، ایم کیو ایم کی الزام تراشی کی سیاست سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔




