پاکستان میں 37 کمپنیاں موبائل فونز بنا رہی ہیں، ابتک 3.5 کروڑ فون بنالیے، قائمہ کمیٹی آئی ٹی و ٹیلی کام

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے اجلاس میں سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ نے کہا ہے کہ پاکستان میں37 کمپنیاں موبائل فونز بنا رہی ہیں، ابتک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد موبائل فون بنالیے گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک امریکی کمپنی کے علاوہ بہت ساری کمپنیاں پاکستان میں فونز بنا رہی ہیں، امریکی کمپنی پاکستان لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم امریکا جاکر کمپنی کے سی ای او سے ملاقات کریں گے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اچھی بات ہے فونز پاکستان میں بن رہے ہیں، پاکستان میں بننے والے موبائل فونز کی قیمت کم ہے، ہمارا وژن اسمارٹ فون فار آل ہونا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ سیکریٹری صاحب کو ایک سال کی توسیع کی مبارک ہو، پاکستان میں موبائل فونز بنانے کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ہمیں اب تھری جی نہیں بلکہ فور جی اور فائیو جی فونز چاہئیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت 20 کروڑ صارفین موبائل فون استعمال کر رہے ہیں، کراچی میں ہر 6 ماہ بعد فون چِھن جاتا ہے، شہریوں کو نیا فون لینا پڑتا ہے، پاکستان میں بننے والے موبائل فونز سستے اور معیاری ہونے چاہئیں۔




