اسرائیلی فوج کو ساز و سامان اور افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا
کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج کو فوجی سازوسامان اور افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا،اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ کیا کہ تین سال سے جاری جنگوں کے باعث فوج میں شدید قلت، ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں متاثر، اپاچی ہیلی کاپٹروں کی خریداری خطرے میں ،فوجی ماہر کا کہنا ہے بعض اوقات قلت کو مزید امریکی اسلحے کیلئے بڑھا چڑھا کربھی پیش کیا جاتا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تقریباً تین سال سے جاری جنگوں کے باعث اسرائیلی فوج کو بعض فوجی سازوسامان اور افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ اسرائیلی اخبار معاریو کے مطابق فوج کے پاس ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی مطلوبہ تعداد نہیں جبکہ جنگ کے دوران سیکڑوں گاڑیاں اور فوجی سازوسامان متاثر ہوئے ہیں۔ چینل 12 کے مطابق بجٹ کی کمی کے باعث امریکا سے 12 اپاچی جنگی ہیلی کاپٹروں کی منصوبہ بند خریداری بھی متاثر ہوئی ہے، جبکہ اضافی فنڈز نہ ملنے کی صورت میں تباہ شدہ ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کی مرمت اور بعض گولہ بارود کی پیداواری لائنیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔




