پوری دنیا مہنگائی کے خدشے کو دیکھ رہی ہے، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے، پوری دنیا مہنگائی کے خدشے کو دیکھ رہی ہے۔
اسلام آباد میں احسن اقبال نے ماہانہ ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ بریفنگ میں بتایا کہ دنیا بحران کا سامنا کر رہی ہے، گلف صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت بڑھنے کی وجہ سے مہنگائی بڑھ جاتی ہے، تمام دنیا کی معیشتیں متاثر ہورہی ہیں، پوری دنیا مہنگائی کے خدشے کو دیکھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان آج استحکام کے راستے پر ہے، اگلی منزل گروتھ ہے، پرائس مانیٹرنگ کمیٹی قیمتوں پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بار بار کہتا ہوں معاشی خود مختاری برآمدات میں ہے، 2035ء تک برآمدات سالانہ 100 ارب ڈالر تک چاہئیں، امید ہے آنے والےبرسوں میں برآمدات بڑھے گی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے، امید ہےآنے والے برسوں میں برآمدات بڑھے گی۔ 2 سال سے روپیہ مستحکم ہے۔ حکومت جلد آٹو پالیسی جاری کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 2022ء کی 6 فیصد گروتھ تباہی کا باعث بنی، اس کے ساتھ برآمدات لنک نہیں تھیں۔ رواں سال کے پہلے 2 ماہ میں ترسیلات زر 7 ارب 30 کروڑ ڈالر رہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے ہیرو ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا چیلنج برآمدات کو عالمی منڈیوں سے جوڑنا ہے، رواں مالی سال غیرملکی سرمایہ کاری 24 فیصد بڑھی، پاکستان پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔




