میر رضا قتل کیس: جوڈیشل کمیشن کا وقوعہ کا دورہ، حکم نامہ بھی جاری

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن سربراہ کے جائے وقوعہ کے دورہ سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں غفلت کو نظرانداز کر کے آگے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
تفتیشی افسر نے کمیشن کو جائے وقوعہ پر کیس سے متعلق مختلف مقامات کی تفصیلات فراہم کیں، وکیل جبران ناصر نے کمیشن کے سامنے مسجد خضرا کے قریب سی سی ٹی وی ویڈیو میں مشکوک گاڑیوں کی نشاندہی کی۔
کمیشن نے کےالیکٹرک کو 28 جولائی شام 5 سے رات 10 بجے کے دوران گلستان جوہر بلاک ون میں بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق رپورٹ 7 اکتوبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
کمیشن نے تفتیشی افسر کو رات کی ڈیوٹی پر مامور گارڈ کے کوائف حاصل کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر جوڈیشل کمیشن سربراہ نے کہا کہ اس کیس میں غفلت کو نظرانداز کر کے آگے دیکھنے کی ضرورت ہے۔
ادھر سندھ ہائیکورٹ نے میر رضا کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی کی پراسیکیوشن کی درخواست منظور کرلی۔
کیس کے تفتیشی افسر کی درخواست پر ایک بار پھر حتمی چالان جمع کروانے کے لیے مزید 14 دن کی مہلت بھی دے دی گئی۔




