وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی پذیر معیشتوں کو درپیش چیلنجز کے مطابق مالیاتی نظام میں تبدیلیاں لانا ضروری ہے۔
جی 24 کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان جی 24 کی آئندہ صدارت کے دوران ترقی پذیر معیشتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تقسیم کے باعث تجارت اور سرمایہ کاری میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ترقیاتی کامیابیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سخت مالیاتی حالات اور مالی وسائل کی کمی بھی ترقی پذیر معیشتوں کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ جی 24 کی پہلی ترجیح بین الاقوامی مالیاتی نظام میں ترقی کو مرکزی مقصد کے طور پر بحال کرنا ہے، بریٹن ووڈز اداروں کو زیادہ نمائندہ بنانے اور رکن ممالک کی ضروریات کے مطابق مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق جی 24 کی ایک اور اہم ترجیح ترقی کے فروغ پر مرکوز بین الاقوامی مالیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔
وزیر خزانہ نے نائیجیریا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ جامع، مستحکم اور ترقی پر مبنی عالمی معاشی نظام کے قیام کے لیے رکن ممالک اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔




